گجرات (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس ملک کی کسی سیاسی جماعت کا کار نامہ نہیں یہ حکمرانوں کی لوٹ مار کا میڈیا نے بھانڈہ پھوڑا ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے پکڑ ہے۔ عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دھمکا کر لوٹ مار کوچھیایانہیں جاسکتا۔عمران خان کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کے اس نے حکمرانوں کو ملک بھر میں چور چور مشہور کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمسلم لیگی راہنماء چودھری یوسف چیئرمین آف ساروچک کی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے اتحاد کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کیلئے بات چیت جاری ہے آئندہ ماہ تک صورتحال واضح کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مینڈیٹ چوری کا تجربہ رکھتے ہیں مگر اب آر او الیکشن نہیں ہو گا کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات ہوں۔