راولپنڈی ( اپنے رپور ٹر سے،اپنے نامہ نگار سے) واسا راولپنڈی اور پاکستان پوسٹ آفس کے مابین بل کلیکشن کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت واسا صارفین اپنے بل ڈاکخانوں میں جمع کروا سکیں گے۔ منیجنگ ڈائریکڑ واسا راجہ شوکت محمود اور ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل سمیع اللہ خان نے ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے کہا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد واسا صارفین کو سہولت میسر کرنا ہے کیونکہ بینکوں کی برانچیں ہر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو لمبی لمبی قطاروں میں گھنٹوں کھڑے ہو کر بل جمع کروانا پڑتا تھا۔ دور دراز کے صارفین جو بینکوں تک نہیں پہنچ پاتے تھے‘ اب وہ اپنے قریب ترین ڈاکخانے میں بل جمع کروا سکیں گے۔ تقریب میں ڈائریکٹر ریونیو واسا چوہدری محمد صفدر، ڈپٹی ڈائریکٹر واسا چوہدری ظفر اقبال اور پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔