راولپنڈی (اے پی پی )سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو خو د کش حملہ کیس کی سماعت آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہو گی ۔سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی گذشتہ سماعت میں خود کش حملہ میں گرفتار دو ملزمان رفاقت حسین اور حسنین گل کے وکیل ملک جواد خالد کی جا نب سے دائر درخواست میں استغاثہ کے گواہ سب انسپکٹر اشفاق پر جرح کی استدعا کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ استغاثہ کے گواہ پر جرح ملزمان کے دفاع کا قانونی حق ہے۔عدالت نے درخواست پر بحث کے لئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا تھا جس پر بحث آج کی سماعت پر ہو گی۔واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر دفعہ 540/A کے تحت سابق صدر پرویز مشرف کی حد تک کیس الگ کر دیا تھا ۔