منڈی بہاء الدین(نمائندہ جنگ)نواحی گاؤں مرالہ میں نامعلوم افراد نے تین افراد میاں بیوی اور بیٹی کو ٹوکوں کے وار کرکے قتل کردیا،تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں مرالہ میں محنت کش محمد افضل اپنی بیوی اور بیٹی کے ہمراہ ڈیرہ پر سویا ہوا تھا کہ رات گئے نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوگئے اور بیدردی سے ٹوکوں کے وار کرکے افضل اس کی اہلیہ شکیلہ بی بی اور بھتیجی ام لیلیٰ کو شدید زخمی کردیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے ، پولیس ذرائع کے مطابق مقتول افضل ضلع سرگودھا سے تعلق رکھتا تھا جو گذشتہ سترہ سال سے مرالہ میں مقامی زمیندار کے ڈیرے پر ملازمت کرتا تھا ، واقعہ کی طلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچادیا گیا ، سول لائن پولیس نے مقتول کے بھائی محمد ارشد کے بیان پر چا ر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کردی ہے ، ایک ہی خاندان کے تین افراد کے قتل کی واقعہ پر علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ دیرینہ تنازعہ کا شاخسانہ ہوسکتا ہے ۔