اسلام آباد(آئی این پی ) راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس کشمیر ہائی وے اسٹیشن پر گزشتہ صبح ڈرائیور کی حاضر دماغی کے باعث خوفناک حادثہ سے بال بال بچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی میٹرو بس جب کشمیر ہائی وے اسٹیشن سے سیکرٹریٹ کی طرف جا رہی تھی تو میٹرو کی دوسری بس راولپنڈی صدر جانے والی لین پر جانے کی بجائے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی لین پر آگئی ۔ موڑ کے باعث دونوں ڈرائیور ایک دوسرے کو دیکھ نہیں سکے ۔ صدر کی طرف جانے والی میٹرو بس کو ایم 27کے ڈرائیور نے جونہی موڑ مڑتے ہوئے دیکھا تو فوراً بریک لگائی ۔ بریک اتنی زور سے لگائی گئی کہ بچوں اور عورتوں سمیت کئی مسافر نشستوں سے اچھل کر فرش پر آگئے ۔عورتوں اور بچوں کی چیخیں نکل گئیں تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اورمیٹرو بس ڈرائیور کی حاضری دماغی کے باعث خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی ۔