• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہاکی ورلڈ کپ میں پہنچ چکا ہے،حنیف خان کا اصرار

کراچی( نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حنیف خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اگلے سال بھارت میں ہونے والے ولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے، ایف آئی ایچ کےبعض حکام نے بھی قومی ٹیم کے کوالیفائی کرنے پر ہمیں مبارک باد دی ہے، جمعرات کو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے حنیف خان نے کہا کہ لندن میں ہونے والے رسائی رائونڈ سے آٹھ ٹیمیں اگلے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کریں گی پاکستان نے ساتویں پوزیشن حاصل کر کے کوالیفائی کرلیاہے۔حنیف خان سے جب کہا گیا کہ اس رائونڈ سے پانچ ٹیمیں رسائی حاصل کرینگی تو حنیف خان نے کہا کہ ہمیں تو ایف آئی ایچ کے عہدے داروں نے بھی مبارک باد دی ہے، قومی ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ کہ ٹیم کی پرفارمنس بہت زیادہ خراب نہیں ہے ہم نے ہر میچ میں دس سے بارہ گول کے چانس ضائع کئے جس کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم جیت نہیں سکی، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے آ سٹریلیا، نیوزی لینڈ چیمپئنزٹرافی میں جس قسم کی اچھی کارکردگیکا مظاہرہ کیا تھا اس کو سامنے رکھتے ہوئے ٹیم سے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں بہتر پر فارمنس کی امید تھی مگر جو کھیل کھلاڑیوں نے پیش کیا وہ حیران کن تھا اس کی ایک وجہ کھلاڑیوں میں تجربے کی کمی تھی ، ہالینڈ کے خلاف پاکستان نے آٹھ دس سال سے کوئی میچ نہیں کھیلا تھا ، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل تجربے کی ضرورت ہے جس پر کام کرنا ہوگا اس کے بغیر ہم عالمی ہاکی میں مثبت نتائج حاصل نہیں کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کھلاڑی باصلاحیت ہیں مگر کوئی بھی ٹیم جیت کی گارنٹی نہیں دے سکتی ہے،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، حنیف خان نے کہا کہ عماد بٹ نے اس دورہ میں غیر معمولی پر فارمنس کا مظاہرہ کیا، دیگر کھلاڑیوں نے بھی بہتر کھیل پیش کیا مگر کھلاڑیوں کو بہتر ہونے میں وقت لگے گا۔

تازہ ترین