تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے جے آئی ٹی پر براہ راست تبصرے سے اداروں کے خلاف شرانگیزی کا سارا منصوبہ بے نقاب ہوگیا ۔
وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی روز اول سے کہہ رہی ہے کہ جے آئی ٹی، سپریم کورٹ اور فوج پر حملے وزیر اعظم کی مرضی اور خوشنودی سے ہورہے ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ جے آئی ٹی کو بلیک میل کرنے اور اسے متنازع بنانے کی تحریک وزیر اعظم کی ایما پر شروع کی گئی ہے ، سپریم کورٹ پر یلغار سے ڈان لیکس تک ریاستی اداروں کیخلاف ہر شرارت کو نواز شریف کی آشیر باد حاصل رہی ہے ۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کی غلط فہمی ہے کہ انہیں کسی نئے انتخابی میدان میں اترنے کا موقع میسر آئے گا، اب کی بار دھاندلی کے نئے منصوبے بنانے کا نہیں اڈیالہ کی بیرکیں آباد کرنےکا وقت ہے،10 جولائی کے بعد کے پاکستان میں نواز شریف اور ان کی کرپشن کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی ۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہناتھاکہ بجلی کے منصوبوں کا افتتاح اچھی بات مگر قوم ابھی تک نندی پور، گڈانی اور قائد اعظم سولر پارک کو نہیں بھولی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم کے افتتاح کے بعد ان کے لگائے گئے منصوبے یا تو بند ہوجاتے ہیں یا ان سے کرپشن کی ایک نئی داستان جنم لیتی ہے ۔