بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے گزشتہ روزسول ہسپتال بہاولپور میں قائم کئے گئے 20بستر پر مشتمل بچہ سرجیکل وارڈ کا افتتاح کیا۔ ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ سول ہسپتال کی عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ کا نمونہ ہے اور یہ ادارہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے وزیر اعلیٰ کی جانب سے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد بہاول پور میں چلڈرن کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سول ہسپتال کے ڈاکٹرز کی رہائش گاہوں، نرسنگ ہاسٹل اور چاردیواری کی تعمیر کے کام جلد شروع کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سول ہسپتال کی تمام مسنگ فیسلٹی فراہم کی جائیں گی۔ اسی طرح مسجد کی تعمیر کا کام اور مریضوں کے لواحقین کے بیٹھنے کے لیے ویٹنگ شیڈ بنائے جائیں گے۔ ایم ایس سول ہسپتال نے بتایا کہ 20 بیڈز پر مشتمل بچہ سرجیکل وارڈ کی توسیع کر کے جلد ہی اس میں 50بیڈ تک اضافہ کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمد راشد ، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر رانا یوسف، اے ایم ایس ڈاکٹر حامد ودیگرسٹاف موجودتھا۔