اولڈہم( تنویر کھٹانہ) یو کے اسلامک مشن کا شمار برطانیہ میں موجود ان چیرٹیز میں ہوتا ہے جس نے نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام مذاہب کی خدمت کی ہے۔ یو کے اسلامک مشن کے سالانہ کنونشن کے موقع پر برطانیہ بھر سے مختلف کمیونیٹز کے لوگوں نے شرکت کی۔
’’ٹوگیدر فار بیٹر بریٹن ‘‘کے عنوان سے سجائی گئی اس تقریب میں بھارت، ترکی ، یورپ اور یو کےسے مختلف علماء دین اور یو کے اسلامک مشن سے منسلک لوگ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس رنگا رنگ تقریب میں مقیم مسلمانوں کو درپیش مسائل ان کا حل اور آج کے دور میں مساجد اور کمیونٹی سنٹر کے کردار کے حوالے سے خصوصی لیکچر دئیے گئے۔ ایم پی افضل خان کا کہنا تھا کہ میں یو کے اسلامک مشن کو مبارکباد دیتا ہوں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اسلام اور دیگر مذاہب کے مابین محبت اور پیار کی فضاء قائم کرنے میں کوشاں ہے۔ یو کے اسلامک مشن برطانیہ اور یورپ کے ہیڈ سکندر مرزا کا کہنا تھا ہم بین المذاہب تقاریب منعقد کرتے ہیں جن میں فوڈ بنکس فار ہوم لیس، اجتماعی افطار اور دیگر کئی ایسے منصوبے ہیں جس سے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اسلام ایک شدت پسند مذہب ہے۔
یورپین اسلامک سنٹر کے مہتمم مولانا محمد اقبال جو کہ اس تقریب کے روح رواں تھے کا کہنا تھا کہ اسلام محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ آئے روز جو کچھ میڈیا میں رپورٹ ہوتا اس میں کوئی صداقت نہیں، اسلام کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ہمارے سنٹر کے دروازے ہر مذہب، رنگ اور نسل سے تعلق رکھنے والوں کے لیے کھلے ہیں، اس حوالے سے ہم خصوصی کلاسز کا انعقاد بھی کرتے ہیں جس میں غیر مسلموں کے اسلام سے متعلق تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے جو امن، محبت اور مل جل کر رہنے کا پرچار کرتا ہے۔ سالانہ کنونشن کے موقع پر بچوں کے لیے تفریح کا سامان بھی موجود تھا۔ اس موقع پر اسلامک مشن کے پروگرامز کے حوالے سے کتب اور دیگر لٹریچر بھی دیا گیا۔