• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے بنیاد الزامات سے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اورقربانیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے

Todays Print

راولپنڈی (نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان میں تعینات امریکی کمانڈر جان ڈبلیو نکولسن نے ملاقات کی جس میں دونوں جنرلز نے علاقے میں امن و استحکا م کیلئے تعاون اور رابطے جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا جبکہ امریکی کمانڈر سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے افغانستان اور امریکا کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کردار کو داغدار کرنے کیلئے افغانستان اور امریکا کی الزام تراشیاں محض اتفاق نہیں ، بے بنیاد الزامات سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا، دہشت گردوں کو شکست دینا اپنا قومی مفاد سمجھتے ہیں ۔

امریکی کمانڈر جان نکولسن نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلا حیتیں اورعوام کا خوشگوار ردعمل قابل تعریف ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان میں امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل  جان  ڈبلیو نکولسن نے ملاقات کی۔جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران خطے کی سلامتی کی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ کے امور زیرغور آئے ۔ ملاقات میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو داغدار اور کمزور کرنے کے لئے افغانستان او ر امریکا میں بعض حلقوں کی جانب سے کی جانے والی الزام تراشیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض اتفاق نہیں ،بے بنیاد الزامات  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کردار کی نفی ہے اور اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قربانیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ محض اتفاق نہیں ہے کہ اس موضوع کو ایسے وقت میں اٹھایا جا رہا ہے جب امریکا میں پالیسی پر نظر ثانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی کو شکست دینا قومی مفاد میں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل جان ڈبلیو نکولسن نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کا خوشگوار ردعمل قابل تعریف ہے۔ جنرل قمر باجوہ اورجنرل جان ڈبلیو نکولسن نے علاقے میں امن و استحکام کیلئے تعاون اور مسلسل رابطوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

تازہ ترین