• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زخمیوں کی اموات کی وجہ طبی سہولتوں کا فقدان ہے،پرویز الٰہی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں بچ جانے والے زخمیوں کی اموات کی وجہ طبی سہولتوں کا فقدان ہے جس کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں،اگر گزشتہ 10سال میں شہبازشریف پنجاب کے سرکاری اسپتالوں پر توجہ دیتے تواب تک سیکڑوں زخمیوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا تھا۔

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ضروری سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے جن کا خون دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ شہبازشریف کی گردن پر بھی ہے، اس طرح دہشت گردوں سے بچ جانے والے سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل سہولتوں کے فقدان سے دم توڑ دیتے ہیں۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کے موجودہ 10 سال کے دوران صرف لاہور میں 8 سو سے زائد بے گناہ شہری اپنی زندگی ہار چکے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں عام مریض ایڑیاں رگڑ رہے ہوتے ہیں تو زخمیوں کو وہاں کون پوچھے گا، وزیراعلیٰ اور ان کے وزراء ہر حادثہ کے بعد اسپتالوں میں گلدستے لے کر فوٹو سیشن کیلئے پہنچ جاتے ہیں حالانکہ اس وقت زخمیوں کو ان کے گلدستوں کی نہیں ادویات اور سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے جو وہاں نہیں ملتیں۔

تازہ ترین