کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے آل رائونڈر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی چھٹی فرنچائز ملتان کو جوائن کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کے ملتان سے تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور وہ جلد اس بارے میں باضابطہ اعلان کریں گے۔
البتہ آسٹریلوی ڈین جونز بدستور اسلام آباد ٹیم سے منسلک رہیں گے۔ وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور مینٹورخدمات دے رہے تھے، اب ان کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے موجودہ کپتان مصباح الحق کپتانی کے ساتھ ساتھ مینٹور کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم ملتان کے برانڈ ایمبیسیڈر اور مینٹور ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کےتیسرے ایڈیشن میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کیلئے فہرست فرینچائزر کو بھیچ دی گئی ہے۔
اس فہرست میں احمد شہزاد، عمراکمل اور کامران اکمل پلاٹینیم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ سابق کپتان مصباح الحق پلیئرکم مینٹورپلاٹینیم اورڈائمنڈ دونوں کیٹیگری میں شامل ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ سابق ریکارڈ ساز کرکٹر یونس خان کی بطور مینٹور خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ وسیم اکرم کی مینٹورنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کو اپنے نام کیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک پی ایس ایل کے 20 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 11 میچز میں وہ کامیاب رہی جبکہ 9 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔