ملتان (سٹاف رپورٹر،نمائندگان)ملتان بنچ تنازع پرہائیکورٹ بارملتان کے صدر شیرزمان قریشی نےتوہین عدالت کے مقدمہ میں پیش نہ ہونےاور احتجاج،ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے،وکلانے ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بارزملتان کے صدور کو دوبارہ بلامقابلہ منتخب کرانے کااعلان کر دیا،تینوں امیدوار دستبردار ہو گئے، ملتان میںوکلا کی چوک کچہری تک ریلی،مظفرگڑھ ،کوٹ ادو،جتوئی،علی پور اور میاں چنوں میں بھی عدالتی بائیکاٹ کیا گیا،تفصیل کے مطابق ہائیکورٹ وڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز ملتان کی جانب سے گزشتہ روز بھی مکمل عدالتی بائیکاٹ کیاگیااوروکلا مقدمات کی پیروی کے لئے پیش نہیں ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سیکڑوں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی ۔
دریں اثناءڈسٹرکٹ بار ملتان کےہال میں وکلاکامشترکہ اجلاس ہوا،صدرہائیکورٹ بارشیرزمان قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے پہلے روزتوہین عدالت کیس میں لارجربنچ کے سامنے پیش نہیں ہونے کاجو اعلان کیاتھا اس پرآج بھی قائم ہیں حالانکہ پیش ہونے سے انکارکرنے پرمختلف ایجنسیوں کی جانب سے نہ صرف انھیں طلب کیا گیا بلکہ گھر پر حملے بھی کئے گئے اورافغانستان سے ملنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں ۔انھوں نے کہاکہ وہ صرف وکلاکے مینڈیٹ کی پاسداری کرتے ہیں اورکراتے رہیں گے۔ہائیکورٹ باراوروکلا کی عظمت کیلئے یہ تحریک چلائی گئی ہے جس کے لئے لاہور،کراچی اورسپریم کورٹ بار سمیت ملک بھرسے کئی ایسوسی ایشنز نے ان کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا ہےاورلاہورکے جونیئر وکلا کی جانب سے عدالتوں کوتالہ لگانے کا بھی کہاجارہاہے تاہم کل کے اجلاس میں متفقہ لائحہ عمل طے کیاجائےگا۔
سابق صدرہائیکورٹ بارمحموداشرف خان نے کہاہے کہ رات کے اندھیرے میں بارکے خلاف جانے والوں کا فعل شرمناک ہے، اورلارجربنچ میں کہاہے کہ بار اور بنچ کولڑایاجائےاوراس معاملہ میں کسی کی بھی ہاریاجیت سے صرف ادارے تباہ ہوں گے اوریہ وکلاکا قومی ایشو بن جائے گانیز لارجر بنچ میں صدربارکے پیش نہیں ہونے پر قیصرعباس کاظمی ایڈووکیٹ کو پیش کرایاگیاہے ،سابق صدرہائیکورٹ بارسید اطہرحسن شاہ بخاری نے کہا ہے کہ تاریخی قدم اٹھانے پر ہائیکورٹ وڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، مطالبات تسلیم نہ ہونے پر وکلاکا احتجاج بھی ختم نہیں ہوگا۔ اللہ دتہ کاشف بوسن نے کہا کہ اجلاس میں جوبھی فیصلہ ہواس پر پوری طرح عمل کیا جائے اورخود سے فیصلوں میں ترمیم نہیں کی جائے ۔
شیخ محمدفہیم ، ملک محمداکرم بھٹی ، خالدمترو،عبدالستار ملک اورشاہدحسین نے بھی خطاب کیاہے۔دریں اثناءہائیکورٹ وڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز کے مشترکہ اجلاس میں وکلا نے ہائیکورٹ وڈسٹرکٹ بارز کے صدور کو دوبارہ بلامقابلہ منتخب کرانے کااعلان کیا ہے جبکہ صدرہائیکورٹ بار کےلئے تینوں امیدواروں نے بھی دستبردارہونے کااعلان کردیاہے،اجلاس کےابتدامیں سابق صدر ہائیکورٹ بار محموداشرف خان نے خطاب میں لارجربنچ کے سامنے توہین عدالت کے مقدمہ کی کارروائی اور ججز کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بتاناشروع کیا تو وکلاذوالفقارعلی سدھو اورعظیم الحق پیرزادہ نے احتجاج شروع کردیا اور اسے بارکےفیصلہ خلاف قراردیااس دوران دیگر وکلابھی تکرارمیں شامل ہوگئے،دونوں جانب سے حامی وکلانے نعرے بازی کی اس دوران ایک دوسرے پر الزامات بھی لگائے گئے اورہنگامہ آرائی شروع ہوگئی بعدازاں صلح کرانے کے دوران سابق صدرعظیم الحق پیرزادہ اورشیخ محمدفہیم کے درمیان بھی تکرارورسخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
صدرہائیکورٹ بار شیرزمان قریشی نے جذباتی اندازمیں خطاب شروع کیا تو وکلا اتحاد کا مظاہرہ کرنے لگے اورماحول گرم ہونے پر ہائیکورٹ بارکے سابق صدر اور آئندہ صدارتی امیدوار سیداطہرحسن شاہ بخاری نے شیرزمان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں دستبردار ہونے اورآئندہ انتخابات میں کامیاب کرانے کا اعلان کیا ،جس پر وکلانے شیرزمان کے آئندہ صدرہونے کے نعرے لگائے جس پر دیگر صدارتی امیدواروں اورسید جعفرطیار بخاری نے بھی شیرزمان کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے دستبرداری کا اعلان کیا۔ بعدازاں ممبران پنجاب بارکونسل جاویدہاشمی ،خواجہ قیصربٹ، سیدجعفر طیار بخاری اورندیم احمدتارڑ نے پنجاب بارکونسل کی جانب سے بھی آج صوبہ بھر میں بائیکاٹ کا اعلان کرنے کے ساتھ صدرڈسٹرکٹ بارایم یوسف زبیر کو بھی آئندہ انتخابات میں دوبارہ صدرمنتخب کرانے کا اعلان کیا ۔
بعد ازاں وکلاکی جانب سے چوک کچہری تک سیاہ پرچم اٹھاکراحتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، نیز آج بھی ہائیکورٹ وڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز کی جانب سےمکمل ہڑتال کرنے کے ساتھ 11بجے دن احتجاجی اجلاس اورریلی نکالنے کا اعلان کیاہے۔ علاوہ ازیں ملتان بنچ تنازع اور جنوبی پنجاب الگ صوبے، خودمختار ہائیکورٹ کے قیام کیلئے پنجاب بار کی اپیل پر ڈسٹرکٹ بار مظفرگڑھ سمیت تحصیل بارکوٹ ادو،جتوئی اور علی پور میں بھی وکلا ساتویں روز بھی ہڑتال پر رہے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے،وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالتی امور معطل رہے اور سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔میاں چنوںبار ایسوسی ایشن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ تنازع پر مکمل ہڑتال کی گئی اور کوئی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا ۔