اسلام آباد( جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسو سی ا یشن نے ایک قرار داد منظو رکرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ (ملتان بینچ) کی بندش کے تنا زعہ کو حل کر نے پر زور دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بینچ اور بار ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں ان میں سے کسی کو کسی پر بالادستی حاصل نہیں،جمعہ کے روزسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اجلاس میں ثمینہ رانا اورا یگزیکٹوکمیٹی کے دیگر ممبران کی جانب سے پیش کی گئی قراردادمنظور کی گئی ،جس میں کہا گیا ہے کہ ملتان بینچ میں ہونے والے واقعہ کی حمایت نہیں کرتے ہیں لیکن اس کو بہتر طریقہ سے نمٹایاجائے، قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ وکلاء کوتسلسل سے جاری کئے جانے والے توہین عدالت کے نوٹسز بینچ او ربار کے تعلقات کو ٹھیک نہیں ہونے دینگے، اس لئے معاملہ کو خوش اسلوبی سے نمٹانے کیلئے کمیٹی قائم کی جائے جس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور دو سینئر ججز سمیت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کو شامل کیا جائے، قرار داد میں کہا گیاہے کہ اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لئے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن (ملتان بینچ )کے صدر شیر زمان قریشی اور دیگر کو جاری کئے گئے توہین عدالت کے نوٹسزاور وارنٹ گرفتاری واپس لیے جا ئیں،کیونکہ تنازعہ کی وجہ سے بڑے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔