لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے حوالہ سے امریکی پالیسی میں تبدیلی نواز شریف کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے اگر انہوں نے پچھلے چار سال میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر کوئی توجہ کی ہوتی تو آج یہ حال نہ ہوتا کہ دہشت گردی کی جنگ میں 70ہزار شہادتوں کے باوجود حکومت پاکستان امریکی دھمکیوں کا جواب دینے کی ہمت نہیں ہے،صدر ٹرمپ کی کھلی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے کر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی قوم کی لاج رکھ لی ہے۔ انہوں نے یہ کہہ کر پاکستانی قوم کے جذبات کی بالکل صحیح ترجمانی کی اپنی رہائش گاہ پر طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد مسلمان ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالہ سے پاکستان کا کیس ہر لحاظ سے مضبوط ہے یہی وجہ ہے کہ روس اور چین نے بھی اس حوالہ سے امریکی صدر کی پاکستان پر تنقید کو نامناسب قرار دیا مگر مسئلہ یہ ہے کہ موجودہ حکومت کا کوئی عالمی وژن نہیں وہ پچھلے چار سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ آزما پاکستانی فوج کو ڈس کریڈٹ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس نے ممبئی حملوں کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا، پٹھان کوٹ حملہ کی ایف آئی آر پاکستان میں درج کرائی۔