• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کراچی پہلے، کوئٹہ دسویں نمبر پر

Top Ten Largest Cities In Pakistan By Population Karachi On Top And Quetta On Ten

وفاقی ادارہ ٔ شماریات نے پاکستان کے 10بڑے شہروں کی آبادی کے اعداد و شمار جاری کر دیے، تازہ مردم شماری کے مطابق کراچی شہر کی آبادی 1کروڑ 49لاکھ اور لاہور کی ایک کروڑ 11لاکھ ہے، لاہور اور پشاور دو ایسے شہر ہیں جن کی آبادی میں سو فی صد سے بھی زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔

مردم شماری کے ابتدائی نتائج پر کراچی کے شہری بھی حیران ہیں، کراچی کی آبادی میں 59فیصد جبکہ لاہور کی آبادی میں 116فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا۔

جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا شہر ملتان بڑے شہروں کی دوڑ میں گوجرانوالا اور پشاور سے بھی پیچھے رہ گیا۔

کراچی اور لاہور کے بعد فیصل آباد تیسرا، پنڈی چوتھا، گوجرانوالا پانچواں اور پشاور چھٹا بڑا شہر بن گیا ہے۔

چھٹی مردم شماری میں آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے دس بڑے شہر کون سے ہیں ؟حالیہ نتائج کے ذریعے سامنے آگیا ہے۔

پاکستان شماریاتی بیورو کی فہرست کے مطابق آبادی کےلحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی ہے، اعداد و شمار کے مطابق کراچی شہر کی آبادی ایک کروڑ 49لاکھ 10ہزار ہے، 1998ءمیں کراچی شہر کی آبادی 93لاکھ 39ہزار تھی، یوں کراچی کی آبادی میں 59اعشاریہ 65فی صد اضافہ ہوا جو سالانہ تقریباً 3اعشاریہ 13فی صد بنتا ہے۔

دوسرے نمبر پر پاکستان کا دل لاہور ہے، جس کی آبادی 51لاکھ 43ہزار سے بڑھ کر 1کروڑ 11لاکھ 26ہزار ہو گئی، لاہور کی آبادی میں 116اعشاریہ 31فی صد اضافہ ہوا جو سالانہ 6اعشاریہ 12فی صد بنتا ہے۔

پاکستان کا تیسرا بڑا شہر فیصل آباد ہے جس کی آبادی 59اعشاریہ 48فی صد اضافے کے ساتھ 32لاکھ 3ہزار ہو گئی۔

ملک کے چوتھے بڑے شہر راولپنڈی کی آبادی 48اعشاریہ 8تین فی صد اضافے کے ساتھ 20لاکھ 98ہزار ہو گئی۔

پہلوانوں کا شہر گوجرانوالہ فہرست میں 20 لاکھ 27 ہزار افراد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ، اس کی آبادی میں 78اعشاریہ 98فی صد اضافہ ہوا، یہ شرح برقرار رہی تو اگلی مردم شماری تک گوجرانوالہ راول پنڈی کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

خیبرپختونخوا کا دارالحکومت پشاور پچھلی مردم شماری میں ملک کا آٹھواں بڑا شہر تھا جو 100اعشاریہ 44فی صد آبادی میں اضافے کے ساتھ اب ملک کا چھٹا بڑا شہر ہے، اب اس کی آبادی 19لاکھ 70ہزار ہے، اسی شرح سے پشاور چند برسوں میں راول پنڈی اور گوجرانوالہ دونوں کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

ساتویں نمبر پر ملتان ہے جس کی آبادہ 18 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہے جبکہ سندھ کا شہر حیدرآباد 17 لاکھ 32 ہزار نفوس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد 10 لاکھ 14 ہزار سے زائد آبادی کے ساتھ 9نویں نمبرپر ہے جبکہ بلوچستان کاشہر کوئٹہ 10لاکھ 1ہزار نفوس کے ساتھ پاکستان کا دسواں بڑا شہر ہے۔

تازہ ترین