کوئٹہ ( پ ر)وارڈ 43شابو کے کونسلر حاجی عبدالمنان ترین نے میئر کوئٹہ کے خلاف سازشوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کوئٹہ پر الزامات لگانے والے سورج کو انگلی سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ،اپنے بیان میں حاجی عبدالمنان ترین نے کہاہے کہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ جیسا میئر کوئٹہ کو پہلے نصیب ہوا ہے اور نہ آئندہ کوئی میئر اتنی ایمانداری سے کام کرسکے گا،میئر کے مخالفین ان کے خلوص سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جس پر افسوس کے سوا کچھ نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ میئر کوئٹہ نے ماضی میں صوبائی وزیر کی حیثیت سے ایماندارانہ اور پر خلوص کام کرکے صوبے کے عوام کے دل جیتے ہیں عوام کے دلوں میں ان کے لئے پائی جانے والی محبت اور قدر کوئی نہیں نکال سکتا ،انہوں نے کہا کہ میئر کوئٹہ کے خلاف باتیں کرنے والوں کا تعلق حکومتی جماعتوں سے ہو یا اپوزیشن حلقوں سے وہ صرف اور صرف اور ناجائز مفادات کا حصول چاہتے ہیں لیکن میئر کوئٹہ اپنی ایمانداری کے دائرہ سے نہیں نکلتے جس کی بناء پر یہ عناصر میئر کوئٹہ کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں پر اتر آئے ہیں ،میئر کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے تعاون سے کوئٹہ کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے جس ایمانداری سے کام کررہے ہیں اس کے دوررس مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،میئر کوئٹہ حکومتی اور اپوزیشن کونسلران میں امتیاز کئے بغیر فنڈز تقسیم کررہے ہیں اور اب تک ہر کونسلر کو کروڑوں روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں لیکن فنڈز کے حصول کے باوجود اگر کوئی کونسلر اپنے علاقے میں ترقیاتی کام نہ کروائے تو اس کا ذمہ دار میئر کوئٹہ نہیں بلکہ متعلقہ کونسلران قابل احتساب ہیں انہوں نے میئر کوئٹہ کے خلاف بیانات دینے اور زہر اگلنے والے عناصر کو خبردار کیا کہ وہ اپنے منفی پروپیگنڈوں سے باز آجائیں ،شہر کے عوام میئر کوئٹہ کے خلاف بیانات اور الزامات کا سلسلہ برداشت نہیں کرتے اس سے مخالفین کی اپنی بدنامی ہورہی ہے ۔