لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پانامالیکس نے بڑے بھائی نوازشریف کی چھٹی کرائی جبکہ اورنج لیکس میں چھوٹے بھائی شہبازشریف کی رخصتی ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پکڑے گئے تو کرپشن کے درجنوں کیس سامنے آئیں گے جبکہ انہیں ماڈل ٹاؤن لاہور میں 14افراد کے قتل میں جسٹس باقر نجفی کی انکوائری رپورٹ کا جواب ہی نہیں ،بیگناہوں کی خونریزی کا حساب بھی دینا ہوگا، اورنج ٹرین کو ہم نے شروع ہی سے ڈالر بناؤ ٹرین کہا تھا اب ثابت ہو گا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ڈالر جس نے بنائے اس کا نام شہبازشریف ہے، عدالتوں کو للکارنے والے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں، عدالتوں میں اپنی صفائی میں پیش کرنے کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں، اورنج لائن کے علاوہ جنگلہ بس اور دیگر نمائشی منصوبوں و سکیموں میں لوٹ مار کے بعد چھوٹے میاں بچ نہیں سکیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کو آج جن مسائل اور پاکستان کو خارجہ محاذ پر جس بحران کا سامنا ہے اس کے ذمہ دار صرف اور صرف نوازشریف ہیں، انہوں نے 4 سال وزیرخارجہ کا عہدہ بھی سنبھالے رکھا لیکن خارجہ تعلقات میں بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا خود تو نااہلی کا شکار ہوئے ملک کو بھی مشکلات میں چھوڑ گئے۔