• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام حسینؓ کے نظریہ، کردار اور فلسفہ کو کوئی نہیں مٹا سکا، سردار یوسف

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کے نظریہ، کردار اور فلسفہ کو کوئی نہیں مٹا سکا‘ وہ آج بھی مسلمانوں کے دلوں اور سوچوں میں زندہ ہیں۔ نبی پاکؐ اور اُنکے نواسے امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کر کے مسلمانوں میں اتحاد کی فضا قائم کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آزاد جموں و کشمیر کونسل اسلام آباد میں مرکزی امام حسین کونسل کے زیراہتمام چالیسویں حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عشرہ محرم بھائی چارے اور یگانگت کے ساتھ منایا جائیگا۔ امام حسینؓ کی شہادت کا پیغام بھی یہی ہے کہ مسلمان متحد ہو جائیں۔ ہمارا مذہب ہمیں برداشت اور تحمل سکھاتا ہے۔ نبی پاکؐ اور انکے نواسےؓ تمام مکاتب فکر کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ 16اکتوبر کو چودہ سو سالہ تقریب حضرت امام زین العابدین منائی جائیگی۔ آزاد کشمیر کی وزیر نورین عارف نے کہا کہ کشمیریوں کے جہاد کے نتیجہ میں کشمیریوں کو آزادی ضرور حاصل ہو گی۔ ایران کے ثقافتی کونسلر آقا شہاب دین دارآئی نے کہا کہ امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل سے دنیا میں دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ورلڈ انٹر فیتھ کمیٹی کی چیئرپرسن بیرسٹر رباب مہدی رضوی‘ علامہ منور علوی، حشمت علی حبیب، شیخ مختار احمد، علامہ ایاز ظہیر ہاشمی، رضیہ شاہ بی بی، عاصمہ محمد علی خان، علامہ سلیم حیدر، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل، عبداللہ حمید گل، بابا مشتاق حسین، سبطین رضا لودھی، محمد رفیق مغل، اخلاق حسین زہری، حکیم محمود احمد سرو سہاونپوری اور علامہ عظمت اللہ سلطان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم سے سرکاری طور پر تقریب حضرت امام زین العابدین منانے اور یکم سے بارہ محرم تک موسیقی و تفریحی پروگرامز ملتوی کرنے کی بھی قرارداد منظور کی گئی۔ تقریب میں صدر الدین ہاشوانی کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔
تازہ ترین