کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطان کے لوگو اور کٹ کی رونمائی جمعے کو مقامی ہوٹل میں کی گئی۔ سابق کپتان وسیم اکرم مہمان خصوصی تھے۔ وسیم اکرم ملتان سلطان ٹیم کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہوں گے جبکہ سابق آسٹریلوی آل راؤنڈرٹام موڈی کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ملتان سلطان کا حصہ بننے پر میں بے حد خوش ہوں۔
میں اپنے تجربے اور کوششوں سے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پیش کرنے میں مدد دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا تیسرا سیزن اور بھی دلچسپ ہوگا کیوں کہ اس بار ملتان سلطان کی شمولیت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی عوام کو ملک میں دل لبھانے والی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔ وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملتان سلطان کا انتخاب اس لئے کیا کہ اس ٹیم میں نیاجوش اور نیا خون ہے ملتان کی ٹیم پی ایس ایل میں تمام ٹیموں کو ٹف ٹائم دیگی۔
پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد میں اضافے سے مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا، پی ایس ایل کے دو ایڈیشنز سے شا داب خان اور رومان رئیس کی صورت میں دو اچھے میچ ونر پاکستان کو ملے ہیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی بھی پی ایس ایل کی وجہ سے ہی ملی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملتان سلطان کے ڈائریکٹر عشرشون نے کہا کہ ملتان سلطان کا پر تپاک استقبال دیکھ کر ہم بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ دریں اثناءاپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر ٹام موڈی نےکہا ہےکہ ملتان سلطان کی ٹیم کا حصہ بن کربہت خوش ہوں ٹیم ممبرز اور وسیم اکرم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پر جوش ہوں۔