• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز سے متعلق ’جادوگر‘ افواہیں اُڑا رہے ہیں ، طلال چوہدری

ااسلام آباد (جنگ نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ رپورٹ شائع کرنی ہے تو صرف ماڈل ٹاؤن کمیشن کی نہیں بلکہ ملکی سلامتی سے لے کر بڑے قومی جرائم تک تمام کمیشنوں کی رپورٹیں شائع کرنا ہوں گی، کوئی اتنا مقدس نہیں ہونا چاہیے کہ کمیشن کی رپورٹ ہی چھپا لی جائے ،رپورٹ کی اشاعت حکومت کا اختیار ہے مگر ’’جادوگر‘‘ افواہیں پھیلا رہے ہیں اب شہباز شریف کا نمبر ہے ۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ اگر شائع کرنی ہے تو پھر سب کمیشنز کی رپورٹ شائع ہونی چاہیے، کمیشن رپورٹ بھی جاری ہونی چاہیے اور ان پر کارروائی بھی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کام کرنے کی سزا نہ دی جائے،نواز شریف اور شہباز شریف کی کارکردگی کی مثالیں دوسرے ممالک میں دی جاتی ہیں تاہم سیاسی بونے شریف برادران کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضے پاکستان کے قانون کے مطابق ہونے چاہئیں، قانون کے مطابق حکومت کے پاس اختیار ہے کہ وہ کمیشن رپورٹ شائع کرے یا نہ کرے جب کہ کمیشن رپورٹ کی بطور ثبوت کوئی حیثیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن رپورٹ کو منظر عام پر لا کر پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے، کسی بھی کمیشن رپورٹ کو شائع کرنے کا یہ پہلا عدالتی حکم ہے، پہلی دفعہ جے آئی ٹی بنی، پہلی دفعہ مانیٹرنگ جج بنائے گئے جب کہ مہینوں پہلے پتہ تھا کہ نواز شریف کو عدالت سے نااہل قرار دیا جائے گا، معاشی دھماکوں کی وجہ سے نواز شریف کو سزا دی گئی۔وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اب باری شہباز شریف کی ہے، عوامی مینڈیٹ سے جو ہرائے نہیں جا سکتے انہیں ٹیکنیکل بنیادوں پر نااہل کیا جا رہا ہے، سی پیک خطرے میں ہے تاہم نقصان شریف خاندان کا نہیں بلکہ پاکستان کا ہے۔

تازہ ترین