• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کو تیسرے میچ بھی شکست ،سیریز بھارت کے نام

بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں5 وکٹوں سے شکست دے کرنہ صرف 5 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی بلکہ پروٹیز سے عالمی رینکنگ کی پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔

اندور میں ہونے والے میچ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ50 اوورز میں ایرون فنچ کی شاندار سنچری اور کپتان اسٹیون اسمتھ کی نصف سنچری کی بدولت 6وکٹوں پر 293بنائے۔

294 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر ز نے 139رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کو کامیابی کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ۔

بھارت کے پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین روہت شرما تھے جو6چوکوں اور 4چھکوں کی مدد 71 بناکر کولٹر نائل کا شکار بنے ، راہانے 9چوکوں کی مدد سے 70رنز بناکر آسٹریلوی بالنگ لائن کا دوسرا شکار بنے تو ٹیم کا اسکور 2وکٹ 147رنز تھا۔

یک بعد دیگرے 2وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی کھیل میں واپسی کی امید پیدا ہوئی ،لیکن کپتان کوہلی اور ہردیک پانڈیا کی 56رنز کی شراکت نے میچ کو یک طرفہ بنادیا ۔

203 کے مجموعے پر ویرات کوہلی 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ،ان کی وکٹ ایشٹن اگار کے حصے میں آئی، اسکور میں مزید 3رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ کیدار یادیو کو ریچرڈسن نے میدان بدر کردیا۔

اس موقع پر پانڈیا نے منیش پانڈے کے ساتھ 78 رنز کی شراکت قائم کی ،اس دوران ہردیک پانڈیا نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی، وہ 284 کے اسکور پر بھارت کے آئوٹ ہونے والے پانچویں بیٹسمین تھے، جو 5چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 78 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔

بھارت نے47.5 ویں اوورز میں 294 رنز کا ہدف حاصل کرلیا ، دھونی 3 اور منیش پانڈے نے 36رنز ناٹ آئوٹ اسکور کئے۔

اس سے قبل فنچ نے اپنی اننگ کے دوران 12چوکے اور 5چھکے لگائے ان کی وکٹ کلدیپ یادو کے حصے میں آئی، اسمتھ 63رنز بناکر کلدیپ یادیو کا دوسرا شکار بنے ،آسٹریلوی کپتان نے اس دوران گیند کو 5 بار بانڈری کا راستہ دکھایا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اوپنر وارنر نے 4 چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 42رنز کی اننگز کھیلی اور پہلی وکٹ پرفنچ کے ساتھ 70 رنز کی شراکت قائم کی ۔

بھارت کی طرف سے بمرا اور کلدیپ یادیو نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کی جبکہ پانڈیا اور چاہل نے بھی ایک ایک آسٹریلوی کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تازہ ترین