• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم نے سینیٹ میں ابہام کی ذمہ داری چیئرمین پر ڈال دی

Mqm Puts Misunderstanding Responsibility On Senate Chairman

انتخابات بل کی منظوری کےدوران ایم کیو ایم نے ابہام کی ذمہ داری چیئرمین سینیٹ پر ڈال دی۔ شیخ صلاح الدین کہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے علم میں تھا کہ انتخابات بل میں اہم ترمیم آ رہی ہے، انہیں اس حوالے سے ممبران کو پہلے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے چیف وہپ شیخ صلاح الدین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات بل کی منظوری کے دوران ابہام کی ذمہ داری چیئرمین سینیٹ پر عائد ہوتی ہے، چیئرمین سینیٹ کی ذمہ داری تھی کہ پارلیمانی لیڈرز سے کہتے کہ وہ ممبران کی حاضری یقینی بنائیں۔

ممبران کے علم میں ہی نہیں تھا کہ انتخابات بل میں اتنی اہم ترمیم آ رہی ہے، شیخ صلاح الدین نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اتنے اہم اجلاس کی خود صدارت کیوں نہیں کی، وہ کیوں صبح صبح کرسی صدارات چھوڑ کر چلے گئے، ہمیں اس میں سازش نظر آتی ہے۔

انہوں نےکہا کہ روایت کے مطابق اجلاس ہمیشہ جمعہ کی نماز کے وقت ملتوی ہو جاتا ہے، جمعہ کی نماز کے بعد اتنی اہم رائے شماری کرائی گئی جبکہ نماز کے بعد بڑی تعداد میں ارکان واپس چلے جاتے ہیں۔

ہمیں اس میں پیپلز پارٹی کی زیادہ سازش نظر آتی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مک مکا کی پالیسی ہے، یہ دونوں جماعتیں معاملات اپنے طور پر طے کر لیتی ہیں۔

 

تازہ ترین