کوئٹہ(نمائندہ جنگ) نامعلوم افراد نےکلینک میں گھس کر فائرنگ کر کے ڈاکٹر کو ہلاک کر دیا، پولیس کے مطابق لیبر کالونی سٹیلائٹ ٹائون کا رہائشی ڈاکٹرعبدالحلیم اتوار کی صبح اپنے کلینک جتک اسٹاپ میں موجود تھا کہ دو نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر آئے ایک نے کلینک میں گھس کر ڈاکٹر پر اندھا دھند فائرنگ کر کے موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے فائرنگ کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایاجا رہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی۔