راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامرپر مشتمل ڈویژن بنچ نے پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزا پانے والےسابق سٹی پولیس افسر راولپنڈی سعود عزیز اور سابق ایس پی راول ڈویژن خرم شہزادکی درخواست ضمانت منظورکرلی ہے ،سعود عزیز اور خرم شہزاد نے اعظم تارڑ اور راجہ غنیم عابر خان ایڈووکیٹس کے زریعے درخواست ضمانت دائر کی تھی۔
انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے 31 اگست کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق سٹی پولیس افسر راولپنڈی سعود عزیز اور سابق ایس پی راول ڈویژن خرم شہزاد کو جرم ثابت ہونے پر 17،17سال قیداور10لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا کا حکم جاری کیا تھا،جمعرات کوسماعت کےموقع پر پیپلز پراٹی کے رہنما آصف علی زرداری کی طرف لطیف کھوسہ اور سرکارکی طرف سےراجہ فیصل پیش ہوئے۔
ملزمان کےوکلاء اعظم تارڑ اور راجہ غنیم عابر خان نےموقف اختیارکیا کہ بے نظیر بھٹو کا پوسٹ مارٹم آصف علی زرداری کےکہنے پر نہیں کیا گیا تھا۔