کوئٹہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سےصفائی کی خصوصی مہم شروع ہوئے دو ہفتےہوگئے، اس کے باوجود صفائی کی صورتحال زیادہ بہتر نہ ہوسکی۔ لوگوں کو ابھی بھی کچرے کے ڈھیر اور گٹر کے پانی سے مسائل کا سامناہے۔
کوئٹہ کی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے آٹھ کروڑ روپے سے شہر میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کی، مگر دو ہفتے گزر جانے کے باوجود سبزل روڈ، بروری، سریاب، کواری روڈ اور میکانگی روڈ سمیت کئی علاقوں میں جابجا کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نالے نالیاں ابل رہی ہیں۔
صفائی نہ ہونے کے برابر ہے، خاص طور پر سٹی ایریا میں ہر جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آرہے ہیں۔
شہر کے بلدیاتی نمائندے پر امید ہیں کہ حکومت بلوچستان کی جانب سےمیٹروپولیٹن کارپوریشن کو دی جانے والی نئی مشینری اور فنڈز کی فراہمی سے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ کے پرانے کچرے کو اٹھانے کے لئے پیسے دیئے ہیں، ان کےٹینڈر ہوگئے ہیں، ورک آرڈر بھی جاری ہوگیا ہے کچھ علاقوں میں کام بھی شروع ہوگیا ہے۔
کوئٹہ کے شہری میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شروع کی گئی ایک ماہ کی صفائی مہم سے مطمئن نظر نہیں آرہے ہیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کےحکام کواپنا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے عوام کے تعاون سے مہم کو تیز کرنا ہوگا۔