عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر کیس چوروں کی ماں ہے جبکہ ایل این جی کیس چوروں کی نانی ہے۔
شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ایل این جی کیس انٹرنیشنل کیس ہے،200ارب ڈالر کی کرپشن میں شاہد خاقان عباسی پارٹنر ہیں ، ایل این جی اسکینڈل میں بڑی لوٹ مار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم عدلیہ اور پاک فوج کے ساتھ جمہوریت اور انصاف کے لیے کھڑی ہے،چینی حکام پر واضح کردوں کہ سی پیک کا سب سے بڑا حامی ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 10 ارب ڈالر کی برآمدات کم ہوگئی ہیں،تیل اور گیس کی سیاست میں پاکستان نے گیس کا ساتھ دیا،ایران کی پہنچائی گئی گیس پاکستان کی سرحد پر موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کو کرپٹ اور منی لانڈرنگ کاملزم قبول نہیں، اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد ہوتے ہی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نےاسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈونگاگلی میں شہبازشریف کےبیٹےاپنے گھروں کیلئےریفائن گیس لیکرگئےہیں،قوم عدلیہ اور پاک فوج کے ساتھ جمہوریت اورانصاف کیلئےکھڑی ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ فوج چاہتی ہے کہ جمہوریت کو نقصان نہ ہو،آرٹیکل 190کےتحت فوج سپریم کورٹ کےاحکامات ماننے کی پابند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج نظریہ ضرورت والی عدلیہ نہیں ہے، آج فوج میں کوئی جنرل بٹ نہیں ہے،آج جو کچھ پاکستان میں ہورہا ہے وہ آئین اور قانون کے تحت ہورہا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق مجھے سنجیدہ نہیں لیتا تو کوئی بات نہیں،آئی بی نے کچھ نہ کچھ مستی ضرور کی ہوگی، اس کے پاس فون سننے کے لیے کوئی کام نہیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے مطابق 30مارچ تک شریف خاندان کے ریفرنس کافیصلہ ہوجائے گا۔