وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں،ہم پوری قوت سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ لڑیں گے۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا، اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح 8 بج کر25منٹ پر جانیوالی پولیس گاڑی کونشانہ بنایا گیا،جس میں 6 پولیس اہل کار شہید 22زخمی ہیں ، لاہور سے فارنزک ٹیم کل آئے گی ،فارنزک نمونے لیے جانے تک کل تک سڑک بند رہے گی ۔
انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اورایف سی کوپیشگی ایکشن کی وجہ سےنشانہ بنایاجارہاہے،مشکل دشمن سے لڑیں گے اور یہ جنگ جیتیں گے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد آج افغانستان میں جاکر حملوں کی پلاننگ کر رہے ہیں ،را اور این ڈی ایس پاکستان میں حملہ کرنیوالےدہشت گردوں کی مددکررہی ہیں، دہشت گرد ہمارے خلاف حملوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہے ہیں،بلوچستان میں داعش یا ایسی جیسی کوئی تنظیم موجود نہیں۔