گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل طلباء کے ہاتھ میں ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 14 ویں کانووکیشن میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے آپ لوگوں کی عملی زندگی کا آغاز ہونے جا رہا ہے، پاکستان میں بہت مسائل ہیں، معاشرتی اور معاشی مسائل ہیں جن کا حل آپ کے ہاتھ میں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں آپ سے پوچھوں کہ باہر کون جانا چاہتا ہے تو بہت سے ہاتھ اٹھ جائیں گے کیونکہ وہ آسان کام ہے لیکن یہاں رہ کر تمام مشکلات کو عبور کرنا چیلنج ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا، ان کے والد ایک مستری تھے، محنت کریں گے تو وسائل نہ ہوں تو بھی کامیابی ملے گی، لوگ وہ مثال دیتے ہیں جس سے مایوسی پیدا ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ فلسطین، لبنان، عراق کے لوگوں سے پوچھیں ملک کی قدر کیا ہوتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملک کی بقا اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ڈاؤ یونیورسٹی اور اس کی فیکلٹی کا شمار بھی دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔