جنوبی افریقا میں 16 سال سے مقیم ایک پاکستانی جعلی ویزے پر دبئی سے ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد سیالکوٹ پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق مسافر توصیف شہزاد فلائی دبئی کی پرواز ایف 337 سے جمعرات کی صبح سیالکوٹ پہنچا تھا۔
امیگریشن حکام کے مطابق مسافر 23 نومبر کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد سے وزٹ ویزے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے روانہ ہوا تھا۔
دبئی میں ٹرانزٹ قیام کے دوران مسافر نے باکو کے لیے اپنی اگلی فلائٹ جان بوجھ کر چھوڑ دی اور اپنے پاکستانی پاسپورٹ پر ٹیمپرڈ ساؤتھ افریقن وزٹ ویزے پر جنوبی افریقا کے لیے بورڈنگ لینے کی کوشش کی۔
دبئی امیگریشن حکام نے مسافر کو روک لیا اور چھان بین کے دوران مسافر کے جنوبی افریقا کے ویزے کو جعلی قرار دیا۔
دبئی حکام نے مسافر کو اگلی دستیاب پرواز سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کر دیا جسے سیالکوٹ میں گرفتار کر لیا گیا۔
پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے بتایا کہ وہ 16 سال سے جنوبی افریقا میں مقیم رہا۔