• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریس کورس قبرستان میں تدفین پر پابندی سے کینٹ کے مکینوں کو مشکلات

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ کے علاقے گوالمنڈی کے عوام جہاں غیرقانونی طور پر کھلی گاڑیوں کی ورکشاپ اور تجاوزات کی زد میں آئے ہوئے ہیں وہاں پانی جیسی بنیادی سہولت کی قلت ، خستہ حال گلیوں ، ناقص صفائی، قبرستان اور سٹریٹ لائٹس نہ ہونے جیسے مسائل کا شکار ہیں ۔ گوالمنڈی کے مکینوں احمد علی ، محمد عباس ، فراہم علیم ، حافظ شوکت حسین، حاجی محمد فاروق اور حاجی محمد طاہر کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا وارڈ نمبر تین کا علاقہ گوالمنڈی متعدد مسائل کا شکار ہے ، یہ آبادی بہت ہی گنجان اور پرانی ہے ، قبرستان نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے مکینوں کو میتوں کی تدفین کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، پہلے رتہ امرال اور ریس کورس قبرستان میں تدفین کی جاتی تھی اب ریس کورس قبرستان میں سول آبادی کے مرحومین کی تدفین پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ رتہ امرال قبرستان میں جگہ ختم ہو چکی ہے اب یہاں پر ایک قبر کیلئے 15ہزار روپے لئے جاتے ہیں جو غریب لواحقین کیلئے بہت مشکل کام ہے ، یہاں پر پانی کی قلت بہت بڑا مسئلہ ہے ۔پہلے روزانہ دو وقت پانی ملتا تھا آج کل پندرہ سے بیس منٹ تک پانی ایک وقت سپلائی کیا جاتا ہے جو ضرورت کیلئے ناکافی ہے ، پانی کی لائنیں خستہ حال ہو چکی ہیں ۔گوالمنڈی میں صفائی کے حوالے سے بھی صورتحال خراب ہے جب بھی ذمہ داران کو اس کی شکایت کی جاتی ہے تو عملے کی کمی کا رونا رویا جاتا ہے۔رہائشی ایریاز میں کھلی غیرقانونی گاڑیوں کی ورکشاپس نے یہاں کے مکینوں کا جینا حرام کر رکھا ہے جس سے ٹریفک کے بے پناہ مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ گوالمنڈی کے معززین نےکہا ہے کہ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ ڈاکٹر صائمہ شاہ ان مسائل کے فوری حل کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں۔
تازہ ترین