• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ ذہنی انتشار کا شکار ہیں، سیاستدانوں نے عوام کو مایوس کیا،ریاض پیرزادہ

Todays Print

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہاہے کہ لوگ ذہنی انتشار کا شکار ہیں، سیاستدانوں نے عوام کو مایوس کیا، پارلیمنٹ اور سیاستدان اپنا کردار اداکرنے میں ناکام ہوجائیں تو فوج اور عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔

ایک انٹرویو میں ریاض پیرزادہ نے کہا کہ میرا اس جمہوریت سے کیا واسطہ جس میں خود میری حکومت مجھے دہشت گرد کہے، جس میں عوام کے مسائل حل نہ ہوں اور جن کے بیرون ملک اکاؤنٹ ہیں انہیں شہری حقوق حاصل ہوں اور وہ جرائم بھی کریں اور پروٹوکول کے ساتھ پھریں۔اراکین پار لیمنٹ سے متعلق انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کی مبینہ جعلی فہرست کے حوالے سے ریاض پیرزادہ نے کہا کہ 37 اراکین پارلیمنٹ کی اس فہرست کی خطرناک بات یہ ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ دیں کہ پاکستان کی اسمبلیوں میں بھی دہشت گرد بیٹھے ہیں تو پھر ہمارے ساتھ کیا سلوک ہوگاجبکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں عدل و انصاف موجود نہیں،وزیر اعظم کی بات کو ہم نے قبول کرلیا لیکن کبوتر کی آنکھیں بند ہیں۔

ملک میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت کی افواہوں کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ٹیکنوکریٹس ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتے، لوگ ٹیکنوکر یٹس کی باتیں ملک کی بقا کیلئے کرتے ہیں اور اس میں حقیقت بھی ہے کیونکہ اس وقت ملک کے حالات ایسے ہیں کہ لوگ ذہنی انتشار کا شکار ہیں، کوئی ادارہ ڈیلیور نہیں کر پارہا اور سیاستدانوں نے عوام کو مایوس کیا۔

تازہ ترین