• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ حنیف عباسی نے عمران کی منی ٹریل پر مزید اعتراضات اٹھادیئے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی منی ٹریل پر مزید اعتراضات اٹھا تے ہوئے فاضل عدالت سے انکی درخواست کو مسترد کرنے کی استدعا کی ہے۔ درخواست گزار حنیف عباسی نے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں دائر کی گئی متفرق درخواست میں موقف اپنایاہے کہ عمران خان کا پہلے پیش کئے گئےموقف کو یادداشت اور غلط مشورہ کہنے کا کوئی جواز نہیں، عدالت کے سامنے غلط بیانی پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے، انکا کہنا ہے موقف میں کہاں اور کیا تبدیلی کرنی ہے، نہیں بتایا گیا جبکہ قانون کے مطابق موقف میں درکار تبدیلی واضح کرنا ضروری ہے،موقف میں تبدیلی کی اجازت دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہوگا، درخواست گزار نے کہا ہے کہ عمران خان کی یہ متفرق درخواست عدالتی نظام کی توہین ہے،لندن فلیٹ سے متعلق سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے جھوٹ بولا گیا ہے ،عمران خان جواب میں کہہ چکے ہیں کہ نیازی سروسز بے وقعت ہوچکی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ آف شور کمپنی صرف لندن فلیٹ کی خریداری کیلئے بنائی گئی تھی جبکہ فلیٹ کی فروخت کے بعد بھی نیازی سروسز کے اکائونٹ میں ٹرانزیکشنز ہوتی رہی ہیں ،فروخت سے پہلے لندن فلیٹ اور بعد میں اسکے عوض ملنے والی رقم مسول علیہ کا اثاثہ تھی،درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیازی سروسز کے اکائونٹ میں موجود ہزاروں پائونڈز گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے گئے تھے، درخواست گزار نے کہا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کیلئے مختص ایک لاکھ پائونڈ میں سے صرف پچیس ہزار سولیسٹر کو ادا کئے گئے تھے ، عمران خان دوسروں پر دیانتدار نہ ہونے کے الزامات لگاتے ہیں جبکہ اپنے کنڈکٹ سے خود بھی راست گو اور صادق و امین نہیں۔ اس لئے ان کی اس درخواست کو مسترد کیا جائے۔
تازہ ترین