• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اثاثہ ‘‘کی تعریف ، ابہام دور کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دینگے،دانیال

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر نجکاری و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء دانیال عزیز نے کہاہے کہ پانامہ پیپرز کیس کے نتیجے میں لفظ اثاثہ کی تعریف وتشریح سے ابہام سامنے آیا ہے اور لفظ ’’اثاثہ‘‘ کی تعریف اورتشریح کے نتیجے میں اب پوراپاکستان اس کے اثرات کا سامنا کررہاہے، عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں لفظ ’’اثاثہ‘‘ کی بلیک لاء ڈکشنری سے حاصل کردہ جس تعریف کا حوالہ دیا ہے ڈکشنری میں ایسی کسی تعریف کا ذکر ہی نہیں کیا گیا اوراس کا کوئی وجود ہی نہیں، ٹیکس بارز، اکاونٹنگ فرمز، میڈیا، پارلیمان، صوبائی قانون ساز اداروں اورایوان ہائے صنعت وتجارت کے ساتھ مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے عدالت عظمیٰ میں ابہام کو دورکرنے کیلئے درخواست دائر کریں گے، مسلم لیگ ن متفق ومتحد ہے، پارٹی میں پھوٹ ڈالنے کی سیاسی بونوں کی خواہشیں کبھی بھی پوری نہیں ہوگی۔

ہفتہ کویہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پانامہ پیپرز کیس کے نتیجے میں لفظ ’’اثاثہ‘‘ کی تعریف وتشریح سے ایک ابہام سامنے آیا ہے ، سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اس فیصلے کا نشانہ بنے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بلیک لاء ڈکشنری میں لفظ ’’اکاونٹس ریسیوایبل ‘‘ اکائونٹنگ کی اصطلاح میں فرم کیلئے استعمال ہواہے لیکن اگر دونوں الفاظ کو الگ الگ استعمال کیا جائے تو اس کے معانی اورمفہوم تبدیل ہوجاتے ہیں، 28 جولائی کے پیرا نمبر 13 میں لفظ ’’اثاثہ‘‘ کی دوسری تعریف میں صرف لفظ’’قابل وصول‘‘ کو استعمال میں لایا گیا ہے اور ’’ایک فرم ‘‘ کی بجائے ’’ایک فرد ‘‘ کی تعریف استعمال میں لائی گئی ہے،حالانکہ فرم اورفرد کیلئے الگ الگ طریقہ کار رائج ہے، یہ تعریف بزنس ڈکشنری ڈاٹ کام نامی آن لائن ڈکشنری سے لی گئی ہے، یہ ڈکشنری کسی بھی بین الاقوامی ٹریٹی میں استعمال نہیں ہوتی اور یہ کوئی مستند قانونی ڈکشنری نہیں۔انہوں نے کہاکہ اقامہ معاملہ کا کسی پٹیشن میں ذکر نہیں تھا تو پھر یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا حصہ کیسے بن گیا،حالانکہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے 2013 میں کاغذات نامزدگی داخل کراتے وقت اقامہ سمیت ساری دستاویزات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی تھیں۔

دانیال عزیز نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا جو نقصان ہونا تھا وہ تو ہوچکا ہے لیکن جب ایک تعریف کا اطلاق ایک فرد کیلئے ہوگا تو ظاہر ہے کہ اس کا اطلاق دیگر پر بھی لاگو ہوگا۔

تازہ ترین