• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بیت المال اور عمیر ثنا فائونڈیشن کے اشتراک سے تھیلیسمیا سینٹر بنایا جائیگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بیت المال نے عمیر ثنا فائونڈیشن کے ساتھ ملکر اسٹیٹ آف دی آرٹ تھیلیسمیا سینٹر بنانے کا اعلان کیا ہےاس سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال پاکستان بیرسٹر عابد وحید شیخ اور ریجنل ڈائریکٹر سندھ بیت المال ڈاکٹر عدنان مجید خان نے پیر کو عمیر ثناء فائونڈیشن کا دورہ کیا،تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین سے ملاقاتیں کیں اوران بچوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔قبل ازیں معروف ماہر امراض خون و عمیر ثناء فائونڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے تھیلے سیمیا کے حوالے سے عمیر ثناء فائونڈیشن کی سرگرمیوں کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی اور کہا کہ ہم تھیلے سیمیا کے بچوں کے علاج کے ساتھ ساتھ ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں جس میں زندگی کے تمام طبقات ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک تھیلے سیمیا پری وینشن پروگرام پر زور نہیں دیا جائے گا ملک سے اس مرض کا خاتمہ ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کا شناختی کارڈ پر تھیلے سیمیا کا اسٹیٹس درج کیا جانا ناگزیر ہے۔بیرسٹر عابد وحید شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمیر ثناء فائونڈیشن ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے جو جدوجہد کررہی ہے وہ قابل قدر اور لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال تھیلے سیمیا ٹریٹمنٹ اور اویئرنیس کا بیٹرا ٹھایا ہے اس کام کو پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔ہم بہت ساری این جی اوز کو سپورٹ فراہم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج تھیلے سیمیا کے مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ پری وینشن کی بھی ضرورت ہے تاکہ اس مرض کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔اس موقع پر عمیر ثناء فائونڈیشن کی فنانس سیکریٹری تحسین اختر،جوائنٹ سیکریٹری عبید ہاشمی اور دیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین