لاہور (جنرل رپورٹر)وزیر ریلو ےخواجہ سعد رفیق نے پشاور سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میں مسافروں کے کرایوں میں نمایاں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام کو جمہوری حکومت سے بڑی امیدیں ہیں اور قومی ادارے عوامی توقعات پر پورااتریں گے، ریلوے کی آمدن کو متاثر کیے بغیر عوام کو ریلیف دیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران اور دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کی بحالی بھی قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔ریلوے کی بحالی میں ریلوے ملازمین کا بھی اہم کردار ہے ان ملازمین کو اب تنخواہیں بروقت ادا کی جاتی ہیں اوربزرگ ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کردیے گئے ہیں۔مسافروں کی تعداد میں نمایاں اضافے کے لیے نئی حکمتِ عملی اور جذبے کے بعدپرکشش مراعاتی پیکج متعارف کروانے جارہے ہیں۔