کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بولان میڈیکل ٹیچر ز ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ اور چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد 24روزہ ٹوکن ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ،اس بات کا اعلان بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن و ایکشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی نے بدھ کو صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ کے ہمراہ سول ہسپتال کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کیا ،اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان جاویدانورشاہوانی،ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شاہجہان پانیزئی اور بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن وایکشن کمیٹی کے رہنما بھی موجود تھے ، صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ نے کہاکہ ڈاکٹروں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، احتجاج کرنا ہر طبقہ کا جمہوری حق ہے جمہوری حکومتوں میں احتجاج کی اجازت ہوتی ہے ہم نے ان سے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی ،حالیہ دنوں میں پیش آنے والے تمام واقعات کے بعدڈاکٹروں نے جس طرح خدمات انجام دیں اس پر ڈاکٹر تحسین کے مستحق ہیں ، ٹراما سینٹر کو فعال کرنے کے بعد ایک ہزار میں سے اب صرف دو کیس کراچی ریفر ہوتے ہیں ہم محدود وسائل میں رہتے ہوئے صوبے کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاںہیں ،پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی نے کہاکہ حکومت بلوچستان اورمحکمہ صحت نے تقریباًتمام جائز مطالبات مان لیے، جس پرہم اپنی 24روزہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔