• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ شہر میں تمام غیرقانونی پلازے سیل کئے جائیں، ڈپٹی میئر

کوئٹہ (خ ن)کوئٹہ شہر میں بغیر منظوری اور بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوراً گرفتار کیا جائے گا اور تمام بلڈنگ جو غیرقانونی طور پر تعمیر ہورہی ہیں ان کی تعمیر بند کی جائیگی ۔ یہ بات جمعرات کو ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ اور میونسپل کمشنر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یعقوب زہری نے ایک وفد سے بات چیت میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹ کو اختیار دیا گیا ہے کہ تمام غیرقانونی پلازے فوراً سیل کئے جائیں اور کسی سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ شہر میں ایسی کسی غیرقانونی تعمیر کی اجازت نہیں دیں گے جس سے عوام متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر نقشے کی منظوری سے تعمیراتی سامان اور ملبہ کی وجہ سے شہر کی نالیاں بند ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکین کافی مشکلات کا شکار ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی کافی حد تک متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے وسیع مفاد میں تمام غیرقانونی عمارات کی تعمیر پر فوری طور پر پابندی لگادی گئی ہے اور انچارج ایمرجنسی سیل کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ اس پر عمل درآمد کرکے بلا مزید تاخیر رپورٹ پیش کی جائے۔
تازہ ترین