• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ختم نبوت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، مرکزی جماعت اہلسنت

برمنگھم( ابرارمغل) مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اوورسیز کے قائدین نے عقیدہ تحفظ ناموس رسالت کیلئے وفاقی دارالحکومت میں علما ومشائخ کے دھرنے کی حمایت اور طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ نبی پاکﷺ کی حرمت اور شان سب سے بڑھ کر ہے۔ ان خیالات کااظہار جماعت کے مرکزی صدر علامہ احمد نثار بیگ قادری، چیئرمین علامہ پیر سید زاہد حسین رضوی، سیکرٹری جنرل مفتی حافظ فضل احمد قادری، علامہ حافظ سید اشتیاق احمد، علامہ حافظ نثار احمد رضا، قاری اخلاق احمد نوشاہی اور دیگر قائدین جماعت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ احمد نثار بیگ قادری نے کہا کہ علامہ خادم رضوی عصر حاضر کے مجاہد ہیں۔ جنہوں نے تمام تر دبائو کو مسترد کرکے نبی کی شان کیلئے سڑکوں پر آگئے۔ اس لئے پوری امت کی ذمہ داری ہے کہ وہ علامہ خادم رضوی کا ساتھ دے کر نبیﷺ کی حرمت اور شان کے تحفظ کیلئے جدوجہد میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جماعت ہر طرح کی مال معاونت بھی کرے گی۔ حافظ مفتی فضل احمد قادری نے کہا کہ حکومت ہمارے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر قانون سمیت ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ عقیدہ ختم نبوت کے قوانین میں ترمیم یا تبدیلی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں  کیاجائے گا۔ حضرت محمد مصطفیﷺ نہ صرف آخری نبی ہیں بلکہ تمام انبیاء کرام کے سردار ہیں۔ ان کے بعد نبی کا تصور کرنے والے بھی مسلمان نہیں ہوسکتے ہیں۔ پیر سیدزاہد رضوی اور دیگر نے کہا کہ علامہ خادم رضوی کے مطالبات کی بھرپور تائید کرتے ہیں حکومت ملک کے حالات خراب کیے بغیر مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد اسلام پر رکھی گئی تھی اور عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ بنیادی اکائی ہے اگر اس اکائی کو گرادیا گیا تو اسلام کی عمارت کیلئے قائم رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی دی جاسکتی ہے لیکن نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی اور ان کے مقام کو تبدیل کرنے جیسی سازشوں اور مختلف اقدامات کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مرکزی جماعت کے زیر اہتمام میلاد النبیﷺ کی تمام تقریبات عقیدہ ختم نبوت سے منسوب ہوںگی۔
تازہ ترین