• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروبار حصص میں شدید مندی،527 پوائنٹس کم ہوگئے، 100 انڈیکس 40317 پر بند

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سیاسی بے یقینی کے باعث نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بھی منفی زون میں ہوا،پیرکو زبردست مندی رہی اور100انڈیکس میں 527پوائنٹس کی نمایاں کمی سے 40317پوائنٹس پر آگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں83 ارب33کروڑروپے سے زائدکی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت18.60فیصدکم جبکہ73.71فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، اسٹیل ، ٹیلی کام اور کموڈیٹی سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 40900کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا۔ تاہم سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت برقرار رہنے کے باعث مقامی سرمایہ گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس527.47پوائنٹس کمی سے 40316.93 پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طورپر350کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے68کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،258کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں کمی جبکہ24کمپنیوں کے حصص بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں83 ارب 33 کروڑ 68 لاکھ 42ہزار948روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 83کھرب 45 ارب 62 کروڑ55لاکھ87ہزار260روپے ہوگئی۔مجموعی طور پر 9کروڑ41ہزار9ہزار900شیئرزکاکاروبار ہواجوجمعہ کے مقابلے میں 2کروڑ15لاکھ11ہزار30شیئرزکم ہے۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے فلپس موریس کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت143.92روپے اضافے سے3022.49 روپے اورسائفرٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 84.48 روپے اضافے سے1879.48روپے پر بندہوئی۔
تازہ ترین