• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر، اتوار کو کراچی، حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ میں جلسے ہونگے

کراچی (رپورٹ/خورشید عباسی)سندھ میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں 26نومبر کو ایک ہی دن کراچی ، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں چار اہم سیاسی اجتماع ہورہے ہیں اس وقت سندھ کے مختلف شہروں میں مختلف جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کی طرف سے کارنر میٹنگز اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے سکھر میں مسلم لیگ فنکشنل اور اس کے اتحادیوں کا جلسہ عام سکھر روہڑی بائی پاس پر ہوگا جس کے لئے 200ایکڑ زمین ہموار کی گئی ہے جلسہ گاہ میں 15لاکھ افراد کی گنجائش بتائی جاتی ہے اور یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ جلسہ گاہ میں ایک بھی کرسی نہیں ہوگی جبکہ ایک بہت بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جس پر 500افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے انتظامات حر جماعت کے حوالے کیئے گئے ہیں جلسے سے پیر صاحب پگارا اور ان کے بھائی صدر الدین شاہ ، ارباب غلام رحیم ، ایاز لطیف پلیجو ، غلام مرتضی جتوئی ، سردار رحیم اور دیگر رہنما خطاب کرینگے ، مسلم لیگی رہنما اس جلسے کو تاریخ ساز جلسہ قرار دے رہےہیں جس میں اتحادیوں سے ملکر بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جائیگا،اسی دن کراچی میں مزار قائد کے سامنے سندھ ترقی پسند پارٹی کا یوم شہدا ء سندھ کے سلسلے میں جلسہ عام ہوگا جس سے ڈاکٹر قادر مگسی اور دیگر رہنما خطاب کرینگے ،اسی روزلاڑکانہ میں جمعیت علمائے اسلام کے تحت ڈاکٹر خالد سومرو کی یاد میں شہید اسلام کانفرنس ہوگی جس سےجے یو آئی کےسربراہ مولانا فضل الرحمن ، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ عبدالغفور حیدری ، اکرم در انی ، راشد سومرو ودیگر خطاب کرینگے ، جے یوآئی کے رہنما اسلم غوری مطابق اس دن ہم اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرینگے ، 26نومبر کو حیدر آباد کے قریب بھٹ شاہ میں جئے سندھ قومی محاز کے تحت سندھ کے اجتماعی مسائل کے حوالے سے اہم کانفرنس ہورہی ہے کانفرنس سے جئے سندھ قومی محاز کے چیئر مین صنعان قریشی اور دیگر خطاب کرینگے ۔ علاوہ ازیں 25نومبر کو لاڑکانہ میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت بھی کرپشن اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جلسہ عام ہورہا ہے۔
تازہ ترین