کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر سٹی پولیس نے نیشنل ہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم صلاح الدین کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے ایک کلو آئس برآمد کر لی۔ایس ایچ او ارشد اعوان نے بتایا کہ ملزم چاغی کا رہائشی ہے اور وہ کوئٹہ سے کراچی آنے والی بس کے ذریعے آئس منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔انہوںنے بتایا کہ ملزم پوش علاقوں اور کالج یونیورسٹیوں میں طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا اور نوجوان نسل کو وہ آئس کا عادی بنا رہا تھا ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ اس گروپ کا سرغنہ سجاد چاغی کا رہائشی ہے اور وہاں سے اسکے کارندے ملک کے مختلف حصوں میں منشیات فروخت کرتے ہیں۔گرفتار ملزم کا کراچی کا یہ تیسرا چکر تھا اور وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ کراچی میں ڈیلیوری دینے آیا تھا،ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ملزم تعلیمی اداروں کے علاوہ میمن گوٹھ،کھوکھراپار اور ملیر کے علاقوں میں منشیات فروشوں کو بھی منشیات فروخت کرتا تھا۔