اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ماچس کی تیلی ہاتھ میں لے کر گھومنے والے فسادی بابا ہیں‘ یہ ملک کو بدنام کر رہے ہیں‘خان صاحب کا مقصدہماری حکومت کو ناکام کرنا ہے‘دھرناختم ہونے پر ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں‘اگر پورا پاکستان بھی استعفیٰ دیدے تو بھی عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتے ‘مسلم لیگ (ن) سے بڑا اظہار آزادی رائے کا چمپئن کوئی بھی نہیں ،فیض آباد دھرنے کے دوران حکومت کوکوریج روکنے پر مجبور کیا گیا ‘ عمران خان کی جماعت الیکشن ایکٹ کے تمام عمل کا حصہ تھی‘شیخ رشید بھی کمیٹی میں شامل تھے ‘عمران خان جب سے ہارے ہیں رو رہے ہیں۔بدھ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ،یہی وجہ ہے کہ مخالفین پاکستان کی ترقی کو روکنے کیلئے اس کے امن و استحکام پر حملے کر رہے ہیں ‘پاناما ڈراما نہ ہوتا تو اس سے زیادہ ترقی کی شرح حاصل کرلیتے‘ 2013ءمیں عوام نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب نہیں کیا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے؟عمران خان کے پیٹ میں مروڑ ہے کہ حالیہ دھرنا کیسے ختم ہوگیا۔