وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) وکلا برادری آزاد کشمیر میں طبقاتی کشمکش، علاقائی ازام، برادری ازم کے خاتمے کے لیے بنیادی کردار ادا کرے۔ قانون و انصاف کی بالادستی ہی معاشرے کو تشدد و جرائم سے نجات دلاسکتی ہے۔ آزاد خطے میں قانون و انصاف کی بالادسی نہ ہونے کے باعث انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دن بہ دن بڑھ رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس وٹفورڈ برانچ کے صدر راجہ ذوالکفل نوابی نے راجہ فیاض نوابی کے آزاد جموں کشمیر بار کونسل کا ممبر منتخب ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ذوالکفل نوابی نے کہا کہ راجہ فیاض نوابی اس سے قبل آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں اسسٹنٹ جنرل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ رہ چکے ہیں، بہترین قانون دان ہیں، ممتاز قانون دان اور سیاسی و سماجی شخصیت کے حامل ہیں۔ راجہ ذوالکفل نوابی نے کہا اس وقت آزاد خطہ گڈ گورننس اور بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ عوام کی نظریں عدلیہ اور وکلا برادری پر ہیں کہ وہ عوام کو سستا انصاف دلانے اور عدلیہ کا وقار بحال کرانے میں اہم کردار ادا کریں۔ پروفیسر لیاقت علی خان، راجہ اعجاز نوابی، ظہیرالدین، ریاست بھٹی، راجہ اجمل نوابی، صغیر نوابی، راجہ سعید نوابی، راجہ جنید نوابی، راجہ سفیر نوابی و دیگر نے راجہ فیاض کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا۔