• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی ڈی سی شیخوپورہ کو گالیاں، کے پی کے میں اس پر عمل

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوامی جلسہ میں اتوار کو شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنر کو وہ کام کرنے پر گالیاں دیں جو تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ اپریل میں خیبرپختونخوا حکومت میں کر چکی ہے۔ گزشتہ رات شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ڈپٹی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے شکایت کی کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو شہر کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی اور کہا ʼ کہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ! شہباز شریف تمہارا باپ ہے؟، عمران خان اگرچہ ڈپٹی کمشنر پر جلسہ عام کیلئے اسپورٹس گرائونڈ نہ دینے کی وجہ سے ناراض تھے اور سرکاری ملازم کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی، لیکن پی ٹی آئی چیف یہ بھول گئے کہ ان کی پارٹی اسی طرح کی پابندی اپنے صوبے میں نافذ کر چکی ہے۔ 18؍ اپریل 2016ء کو خیبرپختونخوا حکومت نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور انتظامی سیکریٹریز کو یہ ہدایت جاری کر چکی ہے کہ نجی یا سرکاری تقریبات کیلئے کھیل کے میدانوں کے استعمال پر پابندی ہے۔ پی ٹی آئی چیف کے بیان پر ناراض، انتظامی سروسز کے نوجوان اور مڈ کیریئر افسران نے پیر کے روز اپنے واٹس ایپ گروپ پر کے پی کے حکومت کی جانب سے اس پابندی کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کاپی شیئر کی۔ خیبرپختونخوا حکومت کے ٹوئر ازم، اسپورٹس، آرکیالوجی، میوزیمس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں واضح طور پر ہدایت کی گئی کہ کھیلوں کے کسی بھی میدان میں کھیلوں کے سوا کسی بھی طرح کی نجی یا سرکاری تقریبات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ ہدایت نامہ صوبے کے ʼ تمام انتظامی سیکریٹریز اور ʼتمام ڈویژنل کمشنرز کے نام ہے جس کا عنوان ʼکھیلوں کے میدانوں میں سرکاری و نجی تقریبات پر پابندی ہے۔ اس سرکاری رابطہ کاری کےحوالے سے جاری کردہ خط SO (SPorts) 2-8/2008/Vol. III کا اہم حصہ ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے۔ جناب، صوبائی حکومت اور بالخصوص اسپورٹس ڈپارٹمنٹ خصوصی طور پر نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تاکہ انہیں صحت مند اور تفریح سے بھرپور ماحول کی جانب راغب کیا جا سکے۔ اسی مقصد کے تحت صوبے کی تمام تحصیلوں میں کھیلوں کے نئے مقامات اور گرائونڈ تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ تاہم، یہ باعث تشویش بات دیکھنے میں آئی ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے مقامات کو نجی و سرکاری تقریبات کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور ایسی سرگرمیاں ہو رہی ہیں جو کھیلوں کے فروغ اور اس کی روح کے منافی ہیں۔ مذکورہ بالا صورتحال کو دیکھتے ہوئے، مجھے ہدایت کی گئی ہے کہ مجاز اتھارٹی کا حکم فوری طور پر آپ تک پہنچائوں کہ کھیلوں کے گرائونڈز یا مقامات میں کھیلوں کے سوا نجی یا سرکاری تقریبات کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کسی بھی طرح کے متبادل استعمال کیلئے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ مذکورہ بالا خط اور اس کا فعال حصہ واضح طور پر خیبرپختونخوا کیلئے تحریک انصاف کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور یہی کچھ شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنر نے کیا لیکن جواب میں انہیں پی ٹی آئی چیف کے توہین آمیز کلمات سننے کو ملے۔ عمران خان کے ڈپٹی کمشنر کیخلاف نازیبا الفاظ کے بعد، پنجاب حکومت نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ʼشیخوپورہ اسٹیڈیم میں ایک انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی جا چکی ہے جس میں وسیم اکرم نے زمبابوے کیخلاف ریکارڈ 275؍ رنز بنائے تھے۔ حکومت پنجاب نے اس اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی ہے۔ سابق کرکٹر عمران خان کے علاوہ یہ بات کون اچھی طرح جانتا ہوگا کہ اسٹیڈیم کھیلوں کیلئے ہوتے ہیں نہ کہ جلسوں کیلئے۔
تازہ ترین