• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے بہتر تعلقات کی امید لیکر آیا ہوں ، نامزد بھارتی ہائی کمشنر

لاہور (خالد محمود خالد) پاکستان میں نامزد بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید لے کر ائے ہیں۔ اپنی اہلیہ بھارتی چترویدی کے ہمراہ گزشتہ روز واہگہ کے راستے پاکستان پہنچنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے ان کا استقبال کیا ، بعد ازاں زیرو لائن پر جنگ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دوسری بار پاکستان آئے ہیں پہلی بار وہ وزیراعظم باجپائی کے ساتھ دوستی بس لے کر آئے تھے اور آج وہ اس تاریخی سرحد کو پار کر کے اس امید کے ساتھ پاکستان آئے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان بگڑے تعلقات کو معمول پر لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ دونوں ملکوں کا مستقبل ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ اعتماد اور بھروسے کے ماحول کا ہو گا۔ ان کی کوشش ہو گی کہ بھارت آگے بڑھ کر پاکستان کے ساتھ تمام متنازع امور کو حل کرے اور اس سلسلے میں وہ ایک پل کا کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی خصوصاً نوجوان اس بات کا احساس رکھتے ہیں کہ کشیدگی میں کچھ نہیں رکھا اور وہ اس احساس کو سامنے رکھ کر آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کا عزم لے کر آئے ہیں اس بات کی بھر پور کوشش کریں گے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کے لئے اقدامات کئے جائیں اور تاجروں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزوں میں اضافہ کیا جائے۔ اجے بساریہ پاکستان میں بھارت کے 25؍ ویں ہائی کمشنر کے طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
تازہ ترین