ملتان (نمائندہ جنگ/نیوز ایجنسیاں)نیو جوڈیشل کمپلیکس میں سہولتوں کی عدم فراہمی پر وکلا کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا،وکلا نے نئے جوڈیشل کمپلیکس پر دھاوا بول دیا اور دروازے، شیشے، فرنیچر توڑ دیا، وکلانے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان کی عدالت ،چیمبر اوردفاتر کے شیشے توڑدئیے جبکہ اہلکاروں نے دروازے بندکردئیے اورعدالتی کام بھی بند ہوگیاجبکہ پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے، دھکم پیل میں سی پی او کاہاتھ اور ایک وکیل معمولی زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بارمیں ایک روزقبل اجلاس میں وکلاکی جانب سے نیوجوڈیشل کمپلیکس میں پرامن احتجاج کرنے کافیصلہ کیاگیاجس کے لئے گزشتہ روزصبح 10 بجے وکلابسیں اورگاڑیاں بھرکرنیوجوڈیشل کمپلیکس پہنچے ،کئی وکلابسوں کی چھتوں پر بھی سوار تھے ، وکلا نے سیاہ پرچم اٹھاسنے کے ساتھ بازؤوں اورسروں پرسیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں جبکہ احتجاجی قافلے میں عہدیداروں کے علاوہ سینئراورجونئیروکلاکی بڑی تعدادشامل تھی ۔وکلا جونہی نیو جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تواحتجاجی قافلے میں شامل کئی وکلااچانک مشتعل ہوگئےاور ڈنڈے اٹھاکرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت ودفاترکے کمپلیکس کی طرف روانہ ہوگئے اس دوران کئی سینئروکلانے انھیں روکنے کی کوشش بھی کی ،نیز پولیس کی بھاری نفری بھی دیواربن گئی جس پروکلاکی پولیس افسروں واہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی ،وکلانے پولیس اہلکاروں کودھکیلنا شروع کردیاجبکہ کچھ دیر بعد پولیس اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت ختم ہونے پر وکلاکی بڑی تعداد اندرداخل ہوگئی اورڈنڈوں کے ساتھ وہاں موجودکرسیاں اٹھاکرذ شیشے کے دروازوں اورکھڑکیاں توڑ دیں۔