• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوی ٹریفک سے شہریوں کی اموات میں خطرناک اضافہ، 95 فیصد ڈرائیورز نشے کے عادی، سندھ حکومت کو تشویش نہیں

کراچی (اعظم علی/نمائندہ خصوصی) کراچی میں ہیوی ٹریفک بشمول ڈمپرز، واٹر ٹینکرز اورٹریلرز کی ٹکر سے شہریوں کی اموات خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے جبکہ یہ معاملہ ٹریفک پولیس سمیت سندھ حکومت کے کسی محکمے کے لئے قابل تشویش نہیں ، سندھ پولیس کے سینئر افسران کے مطا بق کراچی میں چلنے والی 95فیصد ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے پاس یا تو ڈرائیونگ لائسنس نہیں اوراگر ہے تو جعلی ہے جس میں اکثریت کا تعلق ملک کے دیگر شہروں سے ہے نہ صرف یہ بلکہ ڈرائیوروں کی اکثریت منشیات کی عادی ہے اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک سال قبل ڈی آئی جی ٹریفک نے بغیر لائسنس اور جعلی لائسنس کے حامل ڈرائیوروں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ڈیجیٹل آلات فراہم کئے تھے جو ایک منٹ میں ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کرسکتے تھے دوسرے ہی دن ملک کے بڑے ٹرانسپورٹروں کے وفد نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر میں ایک اجلاس میں اعتراف کیا کہ انہوں نے 95فیصد ہیوی گاڑیا ں غلط افراد کے حوالے کی ہوئی ہیں ۔دوسری طرف آج جمعرات کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایک اہم ترین اجلاس میں شہر کے تمام ڈی آئی جیز کو دیگر احکامات کے ساتھ یہ حکم بھی دیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ہیوی ٹریفک کوممنوعہ اوقات میں شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے مگر انہوں نے بھی ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے شہریوں کی پہ درپہ اموات کا ذکر نہیں کیا ۔ زرائع کے مطابق اس خوفناک حقیقت کا علم ٹریفک پولیس اور حکام کو 1990سے ہے اورہیوی ٹریفک کے معاملے میں کروڑوں روپے کے مفادات ہیں اس لئے ٹریفک پولیس صرف ہیلمٹ نہ پہننے ، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے سمیت دیگر معاملات پر وقتا فوقتا کریک ڈاون شروع کرکے کئ مفادات کے ساتھ ساتھ اپنی موجودگی کا بھی احساس دلاتی رہتی ہے۔ دوسری طرف چونکہ معاملہ کروڑوں روپئے یومیہ کا ہے اس لئے اگرحکام دکھاوے کے لئے کوئی آپریشن شروع کریں تو ٹریفک پولیس کو نقصان پہنچانے اور بات ہڑتال تک لے جانے کا گر بہت اچھی طرح آتا اورصرف تین دن میں پورے ملک میں اشیا کی ترسیل بند ہوجاتی ہے اورحکومت کو گھٹنے ٹیکنے پڑتے ہیں۔اس سلسلے میں جب ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس سے رابط کیاتو ان کا کہنا اس معاملے پرآج تفصیل سے بات ہوگی۔
تازہ ترین