• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارویجن کرکٹ فیڈریشن کےسینئر کوچ خالد محمود انتقال کرگئے

Pakistan Born Norwegian Cricket Coach Pakistan Coach Khalid Mehmood Passed Away

ناروے میں کرکٹ شائقین کو صدمہ، نارویجن کرکٹ فیڈریشن کے پاکستانی نژاد ڈیولپنگ آرگنائزر اور نیشنل کرکٹ ٹیم کے سینئرترین کوچ خالد محمود انتقال کرگئے۔

خالد محمود جنہیں ناروے میں کرکٹ کے بانیوں میں شمار کیا جاتاہے، ہفتے کی شب ناروے میں انتقال کرگئے۔ وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مرحوم سینٹرم کرکٹ کلب ناروے کے بانی تھے اور اس وقت نارویجن کرکٹ فیڈریشن کے ڈیولپنگ آرگنائزر کے عہدے پر کام کررہے تھے۔

ستاون سالہ خالد محمود جو ستر کی دہائی میں اپنے والد کے ساتھ ناروے آئے ، کرکٹ کے فرورغ کے لیے اپنی گرانقدر خدمات کی وجہ سے ناروے میں کپتان جی کے نام سے مشہور تھے۔ خالد محمود کا بنیادی طور پر تعلق لاہور سے ہے اور وہ ناروے میں مقیم ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری شمعون کے پھوپھی زاد بھائی ہیں۔

خالد محمود ناروے آنے سے قبل لاہور میں بھی کرکٹ کھیلتے رہے اور اسی وجہ سے انھوں نے ناروے آنے کے بعد یہاں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے کلب بنایا۔انہیں پچھلے چند سالوں سے سرطان کی شکایت تھی اور علاج معالجے کے بعد کچھ عرصے سے وہ کافی افاقہ محسوس کررہے تھے لیکن چند دن قبل انہیں دوبارہ تکلیف ہوئی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

وہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے، ان کی نماز جنازہ بھی اتوار(آج)اسلامی کلچرل سینٹر اوسلو میں ادا کی گئی۔ خالد محمود سماجی زندگی میں بھی انتہائی ملنسار تھے اور انہیں اچھے الفاظ میں یاد رکھاجاتاہے۔ ناروے میں مقیم متعدد پاکستانی سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے ان کی وفات پر انتہائی دکھ اور صدمے کا اظہارکیاہے۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کا کہناہے کہ خالد محمود کی وفات پر صرف کرکٹ سے وابستہ لوگ نہیں بلکہ ہرکوئی صدمے میں ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جواررحمت میں جگہ دے۔ سماجی و کھیل کے امور پر گہرے نظر رکھنے والے محمد طارق اشرف کہتے ہیں کہ مرحوم خالد محمود کی کرکٹ کے حوالے سے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

آج ان کی وفات سے پوری نارویجن پاکستانی کمیونٹی صدمے میں ہے، ناروے کے شہر دریمن کے پاکستانی نژاد ڈپٹی میئر سید یوسف گیلانی جو دریمن کرکٹ کلب کے بانی بھی ہیں اور کرکٹ فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل بھی ہیں، کہتے ہیں، خالد محمود کے ساتھ کام کرکے بہت ہی اچھا لگا اور انکی رہنمائی اور مشاورت ہمیشہ یادرہے گی۔

نارویجن کرکٹ فیڈریشن کے سابق سربراہ چوہدری تنویر احمد نے بھی گہرے دکھ اور صدمے کا اظہارکیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔نارویجن پارلیمنٹ کے سابق رکن شہباز طارق بھی افسوس ظاہرکیا ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔ ان علاوہ کرکٹ سے وابستہ دیگرشخصیات چوہدری مختار احمد اور سید سجاد حسین اور دیگر کئی لوگوں نے خالد محمود کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور ان کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

تازہ ترین