• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میو اسپتال کا سرجیکل ٹاور 10سال میں نہیں چلایا،پرویز الٰہی

الاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے میو ہسپتال کے دورہ سے پیٹ میں درد صرف ان کو ہوا جن کی اپنی کارکردگی صفر ہے۔ اس ماسپتال میں میرا قائم کردہ 450بیڈ کا ہسپتال اور سرجیکل ٹاور موجودہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر 10سال میں نہیں چلایا گیا۔جو ان کی عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔چیف جسٹس اگر میو ہسپتال نہ جائیں تو کیا عوام کو مرتا چھوڑ دیں۔ انہوں نے ہسپتال کا دورہ کر کے ثواب کا کام کیا اور دعائیں لیں۔ نوازشریف کو تو اپنے حلقہ میں ہی میو ہسپتال جانے کی توفیق نہیں ہوئی جہاں شہبازشریف کی ناقص کارکردگی اور نااہلی کے باعث غریب مریضوں کو ادویات ملتی ہیں نہ بیڈ میسر ہیں ۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ دورہ کے بعد غریب مریض جہاں چیف جسٹس کو دعائیں دے رہے ہیں وہاں حکمرانوں کیلئے بددعائیں بھی کررہے ہیں۔ شہبازشریف اپنی کارکردگی کے ڈھول تو بجا رہے ہیں لیکن عملاً عوام کی صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے میو ہسپتال میں ایمرجنسی ٹاور منصوبہ پر کام روک کر پہلے تو اس کی پانچویں منزل گرا دی اور اس کے بعد میرے انتقام میں آج تک اسے چالو نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے مسائل کی بات کرنے والے ہر شخص کو یہ حکمران اپنا مخالف اور دشمن سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور عوامی فلاح کے میرے منصوبوں پر کام روک دیا گیا جو کہ نہ صرف غیر جمہوری، غیر آئینی بلکہ شرمناک ہے۔
تازہ ترین